وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو یقین دلایا ہے وفاقی حکومت کی جانب سے ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا
ایک روز دورے پر کراچی میں موجود وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بڑی خوشی ہوئی کہ ٹرانسپورٹ، پانی اور دیگر اہم منصوبوں میں مراد علی شاہ صاحب اور ان کی ٹیم محنت سے کام کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے آج مزار قائد پر مہمانوں کی کتاب میں لکھا کہ ’اے قائد! 74 سال میں ہماری جو کاکردگی رہی اس سے آپ کی روح کو تسکین نہیں پہنچی ہوگی لیکن ہم کوشش کریں گے کہ آپ کی پیروی کریں اور پاکستان کو آپ کے خواب کے مطابق تصویر بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور ان کی ٹیم کے ساتھ آج مفید گفتگو ہوئی، سندھ کے ترقیاتی کاموں سے متعلق شاہ صاحب نے تفصیلات بتائیں، مجھے بڑی خوشی ہوئی کے ٹرانسپورٹ، پانی اور دیگر اہم منصوبوں میں شاہ صاحب اور ان کی ٹیم محنت سے کام کررہی ہے، میں نے مراد علی شاہ کو یقین دلایا ہے وفاقی حکومت کی جانب سے ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں پینے کے پانی کا مسئلہ بہت بڑا چیلنج ہے، اس کے لیے ہم نے بڑی تفصیل سے گفتگو کی، کراچی میں پینے کے پانی کی جتنی بھی طلب ہے اس کا نصف 2024 تک پورا کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا، میں نے متعلقہ ذمہ داران اور مراد علی شاہ کو گزارش کی ہے کہ نصف نہیں مکمل طلب کو 2024 تک پورا کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے مراد علی شاہ صاحب کو تجویز دی کہ کراچی کے لیے ہزاروں کی تعداد میں ایئر کنڈیشن بسیں منگوائی جائیں، اچھی شہرت کے حامل ٹرانسپورٹز کو ساتھ ملا کر اس منصوبے کو آگے بڑھایا جائے اور اس پر سروس چارجز کو وفاقی اور صوبائی حکومت مل کر برداشت کرے تو یہ ٹرانسپورٹرز کے لیے بھی بہت مفید ہوگا۔
اس سے قبل وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔
بطور وزیر اعظم شہباز شریف کا یہ پہلا دورہ کراچی ہے، اس موقع وزیر اعظم کے ہمراہ شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب اور احسن اقبال سمیت مسلم لیگ (ن) کے دیگر اراکین پارلیمنٹ بھی موجود ہیں۔