سربراہ جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) ف مولانا فضل الرحمان نے پاکستان میں بننے والی نئی مخلوط اتحادی حکومت کے دورانیے کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔
رات گئے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے نئی مخلوط حکومت کے حوالے سے کہا کہ جو نئی حکومت بنی ہے وہ زیادہ سے زیادہ ایک سال کے لیے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس حکومت کے اندر جمیعت علماء اسلام کا اپنا وجود، تشخص اور مؤقف ہے، ہم ان سے کہہ رہے ہیں کہ ہمیں اب بھی فوری طور پر الیکشن چاہییں۔
مولانا فضل الرحمان نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ ہم نے اس کو رخصت کر دیا ہے، لیکن قوم کی امانت واپس کرنا ہماری ذمہ داری ہے جس کے لیے ہم نے جدوجہد کی۔
ان کا کہنا تھا کہ انتخابی نظام میں خامیاں ہیں تو جو ناگزیر ہوں وہ انتخابی اصلاحات کر لیں، ہم اپنے مؤقف پر قائم ہیں، مصلحت کی بھی حد ہوتی ہے، غیر ضروری التوا شاید جے یو آئی کا مؤقف نہ ہو، اس پر ہم اپنی رائے رکھیں گے۔