سابق وزیراعظم و تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے توشہ خانے کے معاملے پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’میرا تحفہ میری مرضی‘۔
صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ توشہ خانہ سے جو کچھ لیا وہ ریکارڈ پر ہے، ایک صدرنےگھرپرتحفہ بھجوایا تو وہ تحفہ توشہ خانہ بھیج کرآدھی قیمت ادا کرکے اپنے پاس رکھا۔
ان کا کہنا تھاکہ ہم نے توشہ خانہ کی چیزوں کی قیمت 15سے بڑھاکر 50 فیصد کی، اگر پیسہ بناناہوتا توگھرکوکیمپ آفس ڈکلیئرکرکےکروڑوں روپیہ بناتا۔ عمران خان کا کہنا تھاکہ فوجیوں کو بھی ڈی ایچ اے میں پلاٹ ملتے ہیں تو ان کی مرضی وہ جو چاہیں کریں۔
فرح خان سے متعلق انہوں نے کہا کہ فرح خان کے پاس عہدہ تھا نہ وزارت، وہ کیسے پیسے لے سکتی ہے؟ اس سلسلے میں کسی کے پاس کوئی ثبوت ہے تو سامنے لائے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر اعظم ہاؤس میں سینیئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ میں تصدیق کر سکتا ہوں کہ عمران خان نے توشہ خانے سے تحائف لے کر بیرون ملک فروخت کیے ہیں۔
وزیراعظم نے بیچے گئے تحائف کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے یہ تحائف 14 کروڑ روپے میں دبئی میں فروخت کیے، قیمتی تحائف میں ڈائمنڈ جیولری، بریسلٹ، گھڑیاں اور سیٹ شامل ہیں۔