سینیئر بیوروکریٹ گریڈ بیس کے پی اے ایس افسر احد چیمہ نے ملازمت سے استعفیٰ دے دیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم سیکرٹریٹ احد چیمہ کو استعفیٰ واپس لینے کے لیے قائل نہیں کر سکا ہے جب کہ وزیراعظم نے ابھی تک احد چیمہ کا استعفیٰ منظور نہیں کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ احد چیمہ کو متعدد مقدمات میں گرفتار کیا گیا لیکن کچھ ثابت نہ ہو سکا، احد چیمہ کے خاندان کی خواتین کو بھی ہراساں کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق احد چیمہ مسلم لیگ ن کے گزشتہ دور میں میٹروبس اور اورنج ٹرین منصوبوں کے روح رواں رہے اور پنجاب میں نجی بجلی گھر لگانے کے منصوبو ں میں بھی احد چیمہ کا کردار رہا۔
خیال رہےکہ نیب نے 21 فروری 2018 کو کارروائی کرتے ہوئے احد چیمہ کو گرفتار کیا تھا، ان کیخلاف آمدن سے زائد اثاثے، آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سوسائٹی اور ایل ڈی اے سٹی کیس کی تحقیقات کی جارہی تھیں تاہم کوئی ثبوت نہ ملنے کے بعد وہ گذشتہ سال اپریل میں لاہور ہائی کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد رہا ہوگئے۔
احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے انہیں معطل کر دیا تھا، بعد ازاں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے انہیں انکوائری میں لگائے گئے الزامات سے بری کرکے گریڈ 20میں ترقی دے دی تھی۔