لاہور ہائیکورٹ نے اسپیکر قومی اسمبلی کو وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے حلف لینے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے فیصلے میں کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی 30 اپریل کو صبح ساڑھے گیارہ بجے حمزہ شہباز سے حلف لیں گے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے حمزہ شہباز کی حلف برادری کیلئے دائر کی جانے والی تیسری درخواست پر فیصلہ سنا دیا۔
نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہبازکی حلف لینے کی تیسری درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے فیصلہ سناتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی کو حمزہ شہباز سے حلف لینے کا حکم دیا۔
جسٹس جواد حسن نے 9 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
خیال رہے کہ حمزہ شہباز نےحلف کیلئے پہلی پٹیشن 22 اپریل کو دائر کی تھی جس کی سماعت چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس امیر بھٹی نے کی تھی اور صدر کو حکم دیا کہ وہ خود حلف لیں یا حلف کیلئے کوئی نمائندہ مقرر کریں۔
حمزہ شہباز نے حلف کیلئے دوسری پٹیشن 27 اپریل کو دائر کی، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی نے حمزہ شہباز کی درخواست پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے حکم دیا تھا کہ 28 اپریل کو رات 12 بجے سے پہلےگورنر پنجاب حمزہ شہباز سے لازمی حلف لیں یا کوئی نمائندہ مقرر کریں۔
عدالت کے مذکورہ دو احکامات پر عمل نہیں کیا گیا جس کے بعد اب عدالت نے اسپیکر قومی اسمبلی کو وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے حلف لینے کا حکم دے دیا ہے۔