وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا سابق وزیرِ اعظم سے متعلق کہنا ہے کہ عمران خان فتنہ ہیں، انہیں بالکل گرفتار کیا جائے گا، یہ شخص نوجوان نسل کو گمراہ کرنے پر تلا ہوا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روضۂ رسول ﷺ کے تقدس کو پامال کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے کا کوئی جواز نہیں۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ جو بھی شہری کارروائی کے لیے آئے گا حکومت اس کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنے گی، باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت لوگوں کو ابھارا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ کچھ لوگ برطانیہ سے انیل مسرت اور صاحبزادہ جہانگیر کی سربراہی میں آئے، ان لوگوں نے جو عمل کیا ہے اس پر قطعی معافی نہیں دی جائے گی۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ کیا کبھی کسی نے چاند رات کو احتجاج کی کال دی ہے، حالانکہ لوگ چاند رات کو لوگوں کو گلے لگاتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے کچھ لوگوں کو ڈی پورٹ کرنے اور کچھ لوگوں کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ذاتی عناد اور سیاست کو مسجدِ نبوی ﷺ تک لے جانے کا کوئی تصور نہیں کر سکتا، یہ پاگل انسان ایسے حرکتیں کرتے رہے ہیں، ان کی گفتگو اور پریس کانفرنس دیکھ لیں۔
وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ شیخ رشید کی پریس کانفرنس کے بعد کیا کسی ثبوت کی ضرورت ہے؟ جو شہری بھی کارروائی کے لیے آئے گا حکومت اس کی معاون ہوگی اور کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔