مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے آج عید کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کردیا ہےپاکستان میں آج شوال کا چاند نظر نہیں آیا ہے اور عید الفطر 3 مئی بروز منگل کو ہوگی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے آج عید کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کردیا ہے۔عیدکا چاند دیکھنےکے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت ہوا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا کہنا ہےکہ پاکستان میں کسی بھی جگہ چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، کل 30 واں روزہ ہوگا اور عید الفطر 3 مئی بروز منگل کو ہوگی۔
اس سے قبل صوبہ پنجاب اور سندھ کی زونل رویت ہلال کمیٹیاں بھی شوال کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کرچکی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ آج چاند نظر آنے کے امکانات نہیں ، عید الفطر 3 مئی منگل کے روز ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت چاندکی عمر 17 گھنٹے ہے اور چاند دکھائی دینے کیلئے اس کی عمر 19 گھنٹے ہونا ضروری ہے۔
سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ملکوں میں عید الفطر کل ہوگی ، برطانیہ میں بھی پیر کو ایک ہی دن عید منائے جانے کا امکان ہے جب کہ افغانستان میں آج عید منائی جارہی ہے ۔