پاکستان نے مقبوضہ کشمیر پر نام نہاد حد بندی کمیشن کی رپورٹ پر بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرلیا۔
ترجمان کے مطابق دفتر خارجہ طلبی پر بھارتی ناظم الامور کو بتایا گیا ہےکہ پاکستان مقبوضہ کشمیر پر نام نہاد حد بندی کمیشن کی رپورٹ کو مسترد کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ناظم الامور کو طلبی پر احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا جس میں کہا گیا ہےکہ نام نہاد حد بندی کمیشن کا مقصد مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریتی آبادی کو بے اختیار کرنا ہے، نئی حد بندیاں مقبوضہ علاقے کے لوگوں کو مزید کمزور، پسماندہ اور تقسیم کر دیں گی، نئی حد بندیاں ایک اور کٹھ پتلی حکومت کے قیام کی راہ ہموار کریں گی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کا تنازع ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے۔