سابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان ،چودھری عدنان ،سابق صوبائی وزیر صحت راجہ راشد حفیظ نے الگ جگہ خطاب کیا
راولپنڈی (سی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام فیض آباد سے لیاقت باغ تک امپورٹیڈ حکومت نامنظور ریلی مقامی قائدین کی دھڑے بندی کے باعث بری طرح ناکام ہو گئی لیاقت باغ میں سٹیج بھی نہ بن سکا، ریلی میں شریک افراد نے عمران خان کے علاوہ کسی اور کو لیڈر ماننے سے انکار کرتے ہوے کہا کہ پہلے بھی ووٹ عمران خان کو دیا تھا آئندہ بھی ووٹ عمران خان کو دیں گے
اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز پی ٹی آئی راولپنڈی کے زیر انتظام مری روڈ پر فیض آباد سے لیاقت باغ تک سابق وزیر اعظم عمران خان سے اظہار یکجہتی اور امپورٹیڈ حکومت نامنظور ریلی تین حصوں/دھڑوں میں تقسیم ہو گئی ممبر قومی اسمبلی سیف اللہ نیازی،سابق وفاقی وزیر غلام سرور خان اور صداقت عباسی،واسق قیوم عباسی اور ایم پی اے جاجی امجد نے الگ سٹیج لگاتے ہوے خطاب کیا جبکہ سابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان ،چودھری عدنان ،سابق صوبائی وزیر صحت راجہ راشد حفیظ نے الگ جگہ خطاب کیا اور تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری عامر کیانی اور عمر تنویر بٹ نے الگ خطاب کیا ۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے راولپنڈی سے ممبران قومی اسمبلی اور ممبران صوبائی اسمبلی سمیت تحریک انصاف کے اتحادی اپنی اپنی گاڑیوں میں چند افراد کے ساتھ ریلی میں شامل ہوے جبکہ ریلی میں سینکڑوں مرد و خواتین اور نوجوان خود سے شریک ہوے ریلی میں شریک مرد و خواٹین اور نوجوانوں کی اکثریت نے اس حوالے سے کہا کہ راولپنڈی سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والوں کو وہ نہیں جانتے انہوں نے ووٹ عمران خان کو دیا تھا اور آئندہ بھی ووٹ عمران خان کو دیں گے ریلی میں شریک افراد نے امریکی غلام حکومت نامنظور،بھکاری حکومت نامنظور سمیت دیگر نعرے لگاے