وطن عزیز مشکلات کا شکار، انٹرنیشنل سنی کانفرنس کا مقصد نفرتیں ختم کرکے محبتیں بڑھانے ہے، جماعت اہل سنت پاکستان

اسلام آباد(سی این پی)جماعت اہلسنت پاکستان کے راہنمائوں نے کہاہے کہ انٹرنیشنل سنی کانفرنس کا مقصد نفرتیں ختم کرکے محبتیں بڑھاناہے،وطن عزیز اس وقت شدید مشکلات کا شکار ہے ہمیں ہر حال میں اپنا کردار ادا کرنا اورہر اس قوت کا ساتھ دینا ہوگاجو پاکستان کے استحکام کے لیے مخلص ہے،ہمیںہر اندرونی اور بیرونی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا،جماعت اہلسنت پاکستان ملک کی سالمیت اور تحفظ کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہے ۔

ان خیالات کا اظہار مرکزی ناظم اعلی جماعت اہلسنت پاکستان خالد سلطان القادری،مرکزی نائب ناظم ڈاکٹر حمزہ مصطفائی، ناظم انٹرنشنل سنی کانفرنس پیرسید شبیر حسین شاہ گیلانی اور دیگر نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر علامہ مولانا محمد وزیر القادری،علامہ مولانا محمد اکرم سعدی،پیرا محمد گلزار نقشبندی،مفتی محمد اسلم ضیائی،راجہ ریاضت حسین نقشبندی، احمد حسن ہاشمی ، ملک ثاقب محمودایڈوکیٹ اوردیگر موجود تھے ،مرکزی ناظم اعلی جماعت اہلسنت پاکستان خالد سلطان القادری اور دیگر نے کہاکہ جماعت اہلسنت پاکستان ایک غیر سیاسی نظریاتی مذہبی تنظیم ہے۔ جماعت اہلسنت پاکستان جہاں نظریہ اسلام کے فروغ کے لیے کوشاں رہتی ہے وہاں وہ پاکستان کی نظریاتی سرحدوں خصوصا نظریہ پاکستان کے فروغ اور تحفظ کے لیے بھی ہمیشہ جدوجہد میں مصروف رہتی ہے چونکہ ملک اس وقت جن مسائل کا شکار ہے اس میں ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اپنا کردار اداکریں، اس ضمن میں 15مئی کو اسلام آباد کے علاقے گلبرگ میں صبح دس بجے سے نماز مغرب تک عالمی سنی کانفرنس کا انعقاد کیاجارہاہے ،جس میں ملک بھر کے علاوہ بیرون ملک سے بھی علماکرام تشریف لارہے ہیں

جن میں بالخصوص شیخ عبدالعزیز عبدالرزاق اشولہ نائجیرین سپریم کونسل برائے اسلامی امور اور75سے زائد کتابوں کے مصنف شیخ نور الدین ابراہیم وبانی عرفان سنٹربرائے تحقیق و ترقی نائجیریا شامل ہیں ، کانفرنس کے اہم اہداف اور مقاصد میں تحفظ عقیدہ ختم نبوت ۖ،تحفظ ناموسِ رسالت ۖ،تحفظ ناموسِ اہلبیت،تحفظ ناموسِ صحابہ،نظریہ پاکستان کی حفاظت،اسلامی اقدار کا احیا ،استحکام پاکستان اورعالمی استعمار کی عالم اسلام کے خلاف سازشوں کا مقابلہ کرنا شامل ہے ، 15مئی کو اسلام آباد میںمنعقدہ انٹرنیشنل سنی کانفرنس، اہلِ سنت اکابرین کی عزیمت ہمت اور شجاعت و حق گوئی کی داستان اور تاریخ کا سنہری باب ثابت ہوگئی ،کانفرنس وحدتِ امت استحکام پاکستان دہشت گردی اور تشدد پسندی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گی۔