انٹر بینک میں ڈالر 200 روپے سے تجاوز کر گیا۔ڈالر کی اونچی اڑان اور روپے کی بے قدری ملک میں آج بھی دیکھی جا رہی ہے۔
رواں مالی سال میں ڈالر 42 روپے منہگا ہوا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار اوپن مارکیٹ میں گزشتہ روز ڈالر کی ڈبل سنچری مکمل ہوئی ا اور دن کے اختتام پر ڈالر 201 روپے کا رہا۔
یورو کی قیمت میں ایک روپے اور پاؤنڈ کی قیمت میں بھی 1.50 روپے تک کا اضافہ دیکھا گیا۔یورو کی قیمت فروخت 208 جبکہ برطانوی پاؤنڈ کی قیمت 246 روپے 50 پیسے ہوگئی۔
ڈیلرز کا کہنا تھا کہ بے یقینی اور آئی ایم ایف معاہدے سے متعلق حکومتی پالیسی سامنے نہ آنے کی وجہ سے مارکیٹ میں افواہوں کا بازار گرم ہے جس کی وجہ سے ڈالر کی طلب بڑھ گئی ہے۔
ایکسپورٹرز اپنے ڈالر زیادہ قیمت حاصل کرنے کے لالچ میں سرنڈر نہیں کر رہے، امپورٹرز زیادہ سے زیادہ ایل سیز کھول رہے ہیں، جس سے صورتحال خراب ہوتی جا رہی ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق بیشتر ڈیلرز اوپن مارکیٹ میں ڈالر فروخت ہی نہیں کر رہے تاہم فاریکس ایسوسی ایشن کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق بدھ کو انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت خرید 3.25 روپے کے اضافے سے 195.50 روپے سے بڑھ کر 198.75 روپے اور قیمت فروخت2.75 روپے کے اضافے سے 196.50 روپے سے بڑھ کر 199.25 روپے ہو گئی ۔
اوپن مارکیٹ میں 25 پیسے کے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 198.00 روپے سے بڑھ کر 198.25 روپے اور قیمت فروخت 199.00 روپے سے بڑھ کر 199.25 روپے ہوئی۔