سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے اپنی برطرفی کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔
عمر سرفراز چیمہ نے وکیل بابر اعوان ایڈوکیٹ کے توسط سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ مجھے گورنر پنجاب کے عہدے سے ہٹانا غیر قانونی ہے۔
انہوں نے درخواست میں عدالت سے استدعا کی ہے کہ برطرفی نوٹی فکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے۔
سابق گورنر کا اپنی درخواست میں کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیٹے کے فائدے کیلئے غیر قانونی طور پر ہٹایا، کابینہ ڈویژن کے نوٹی فکیشن جاری کرانے والوں کےخلاف بھی کارروائی کریں۔
درخواست کے متن میں عمرسرفراز چیمہ نے کہا کہ آئین کے مطابق گورنر صوبے میں وفاق کا نمائندہ ہے،ایگزیکٹو کا حصہ نہیں ہوتا۔
انہوں نے درخواست میں کہاکہ صدرکی خوشنودی پر گورنر عہدے پر قائم رہ سکتا ہے، نوٹی فکیشن بلا اختیار ہے اور ماورائے آئین ہے، صدرکے اختیارات کو رولزکے تحت ختم نہیں کیا جاسکتا۔
ان کا درخواست میں مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں آئینی بحران پیدا کردیا گیا ہے۔