اسرائیل نے غزہ پر صبح ہونے سے قبل ایک بار پھر فضائی حملے کیے اور کہا کہ اسلامی تنظیم حماس کی جانب سے فلسطین کے علاقے سے راکٹ فائر کیے گئے جس کے جواب میں اسرائیل نے میزائل فائر کیے. رپورٹ میں بتایا گیا کہ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن کے اسرائیل اور مقبوضہ ویسٹ بینک کے دورے کے کئی گھنٹوں بعد حملوں کا تبادلہ ہوا۔
اسرائیل کی دفاعی فورسز کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ آئی ڈی ایف فائٹر جہازوں نے غزہ میں موجود ملٹری سائٹ پر حملہ کیا جس کا تعلق اسلامی تنظیم حماس سے ہے۔مزید بتایا گیا کہ ملٹری سائٹ زیر زمین کمپلیکس پر مشتمل ہے جس میں راکٹوں کی تیاری کے لیے استعمال ہونے والا سازوسامان رکھا جاتا ہے جبکہ یہ سائٹ علاقے میں اپنی نوعیت کے اعتبار سے بہت اہم ہے۔
رات کے وقت غزہ شہر میں حملوں کے بعد آسمان کو آگ کے گولوں نے روشن کر دیا جبکہ ایک مقام پر عمارت کے سامنے زمین میں ایک گہرا گڑھا پڑ گیا۔اسرائیلی افواج نے بتایا کہ رات کے وقت اسرائیل کی طرف سے دو علیحدہ راکٹ کے حملے کیے گئے۔راکٹ حملے کے بعد خطرے کی گھنٹی بجنے سے اسرائیل کے جنوب اور شہر ایش کیلن میں شہری خبردار ہو گئے۔اسرائیلی افواج نے مزید بتایا کہ ایک راکٹ کو راستے میں ہی روک دیا گیا جبکہ باقی تین راکٹ خالی زمین پر گرے۔