سری لنکا کابھی آئی ایم ایف سے معاہدہ طے

 شدید معاشی بحران میں گھرے سری لنکا اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پاگیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا اورآئی ایم ایف حکام کے درمیان قرض کی فراہمی کے لیے مذاکرات گزشتہ ہفتے سے جاری تھے جس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ سری لنکن حکام اور آئی ایم ایف کے نمائندے اسٹاف لیول معاہدے پر اتفاق کرچکے ہیں جس کا باضابطہ اعلان جمعرات کے روز کیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شدید معاشی بحران کا شکار سری لنکا نے آئی ایم ایف سے 3 ارب ڈالر کے قرض کی درخواست کی ہے جس پر مذاکرات کے لیے عالمی مالیاتی ادارے کی ٹیم سری لنکا میں موجود ہے۔

آئی ایم ایف کے حکام جمعرات کے روز اسٹاف لیول معاہدہ طے پانے کا اعلان کریں گے جس کے بعد عالمی مالیاتی ادارے کا ایگزیکٹو بورڈ اس معاہدے کی منظوری دے گا۔

سری لنکن سینٹرل بینک کے گورنر نندالال ویر سنگھے نے اس حوالے سے جاری بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں بہت مثبت پیشرفت ہوئی ہے اورہم پر امید ہیں کہ بہت جلد عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے کے سنگ میل کو عبورکرلیں گے۔

گورنر سینٹرل بینک کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف معاہدے سے اہم اصلاحاتی پالیسی لائی جائے گی جس سے ملک کی معیشت میں بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ قوم کے لیے موجودہ بحران سے باہر نکلنا ایک مشکل عمل ہے لیکن ہم اس سے جلد باہر نکلنے کے لیے پرامید ہیں۔