سعودی حکام نے ایک گودام پر چھاپہ مار کر 4 کروڑ 60 لاکھ ایمفیٹامین گولیاں ضبط کرلیں جو مبینہ طور پر آٹے کی کھیپ میں اسمگل کی گئی تھیں۔ رپورٹ کے مطابق منشیات ضبط کرنے کی اس کارروائی کے نتیجے میں 8 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا جس میں 2 پاکستانی بھی شامل ہیں۔
سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے رپورٹ کیا کہ سیکیورٹی فورسز نے اس کھیپ کا سراغ اس وقت لگایا جب یہ ریاض ڈرائی پورٹ پر پہنچی اور اسے ایک گودام میں منتقل کیا گیا۔
اس کے بعد حکام نے گودام پر چھاپہ مار کر دو پاکستانی شہریوں کے ساتھ 6 شامی شہریوں کو حراست میں لے لیا۔جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس کنٹرول (جی ڈی این سی) نے ایمفیٹامائن کا نام نہیں بتایا لیکن سعودی عرب ان گولیوں کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے جن پر کیپٹاگون کا لوگو ہوتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کیپٹاگون، عام طور پر ایمفیٹامائن، کیفین اور مختلف فلرز کا مرکب ہوتی ہے جو مبینہ طور پر خلیجی ممالک کے متمول نوجوانوں میں سب سے زیادہ مقبول منشیات میں سے ایک ہے۔