جاپان کے جنوب مغربی حصے کو طاقتور طوفان نانمادول کا سامنا ہے، یہ طوفان آج شام کیوشو ریجن سے ٹکرائے گا۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق طوفان کے پیشِ نظر جاپان کے کاگوشیما ریجن میں خصوصی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
ریجن میں چلنے والی ٹرین سروس، پروازیں اور فیری سروس طوفان گزرنے تک معطل رہے گی۔کاگوشیما اور قریبی علاقوں میں 25 ہزار سے زائد گھروں کی بجلی منقطع ہو گئی ہے، جبکہ ہزاروں افراد نے ان علاقوں سے محفوظ مقامات کی جانب انخلاء کیا ہے۔
جاپان میٹرولوجیکل ایجنسی کے مطابق ریجن کو طوفانی بارشوں، تیز ہواؤں اور طوفانی لہروں کا سامنا ہو سکتا ہے۔جاپان میٹرولوجیکل ایجنسی نے یہ بھی کہا ہے کہ طوفان کے پیشِ نظر عوام کو زیادہ سے زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔