مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے 2 فلسطینی جاں بحق ہوگئے اور اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ دونوں مشتبہ افراد اسرائیلی فوجیوں پر حملہ کرنے کی کوشش کررہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق شمالی مغربی کنارے میں رواں سال مارچ کے بعد سے تقریباً روزانہ بدامنی دیکھی جارہی ہے اور اسرائیلی فورسز کی جانب سے مغربی کنارے پر چھاپے مارے جارہے ہیں جس کے نیتجے میں کئی فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں۔
حالیہ ہلاکتیں رام اللہ کے شمال میں واقع جیزلون پناہ گزین کیمپ میں ہوئیں، اسرائیلی فورسز کا کہنا تھا کہ گاڑی میں سوار افراد میں سے ایک شخص کو دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے۔
فلسطین کی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد میں ایک 19 سالہ باسل باسبوس اور 20 سالہ خالد عنبر شامل ہیں جبکہ 19 سالہ رفعت حبش شدید زخمی ہیں۔
جاں بحق خالد عنبر کی والدہ ام خالدہ دباس کا کہنا تھا کہ ’مجھے یقین ہے کہ میرا بیٹا کسی حملے میں ملوث نہیں تھا، وہ صرف گاڑی چلا رہے تھے، ان کے ہاتھوں میں کچھ نہیں تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اسرائیل فورسز انہیں گرفتار بھی کرسکتی تھیں، انہوں نے گولی کیوں چلائی؟‘۔
واقعے کے بعد رام اللہ میں شہریوں کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا اور عام ہڑتال کی کال دی گئی، شہر کے بیشتر کاروباری مراکز بند کردیے گئے اور ٹائر بھی جلائے گئے، مظاہرین نے کاروباری مراکز مکمل طور پر بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔