جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں بھگدڑ مچنے سے151 افراد ہلاک جبکہ 82 سے زائد زخمی ہوگئے۔سیئول میں مذہبی تہوار ہالووین کی تقریبات کے دوران لوگوں کی بڑی تعداد ہملٹن ہوٹل کے نزدیک ایک تنگ گلی سے گزر رہی تھی، اس دوران دھکم پیل کے بعد بھگدڑ مچ گئی۔حکام کے مطابق سیئول کے علاقے اتائی ون میں ہونے والے واقعہ میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا اندیشہ ہے کیونکہ بہت سے زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
جنوبی کوریا کی نیشنل فائرایجنسی کے عہدیدار مون ہیون کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے افراد کی صحیح تعداد کا پتا لگانے کی کوشش کررہے ہیں۔جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول نے حادثے کی اطلاع ملتے ہی ہنگامی اجلاس کی صدارت کی اور علاقے میں ہنگامی طبی ٹیموں کو بھیجنے کا حکم دے دیا۔ واضح رہے کہ ہیلووین ایک مغربی تہوار ہے جو کہ بہت سے یورپ اور امریکا سمیت بہت سے مشرقی ممالک میں بھی اکتوبر کے آخر میں منایا جاتا ہے،اس رات اندھیرا چھانے پر بچے اور بڑے خوفناک قسم کے ملبوسات پہن کر دوسروں کو ڈرانے کے لیے نکل کھڑے ہوتے ہیں۔