امریکا میں فائرنگ کا واقعہ، متعدد ہلاکتیں

پولیس نے کہا ہے کہ امریکی ریاست ورجینیا کے چیسپیک میں واقع وال مارٹ سپر اسٹور میں ایک بندوق بردار شخص نے فائرنگ کرکے 10 کے قریب افراد کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کردیا، فائرنگ کرنے والا واحد ملزم بھی ہلاک ہو گیا۔غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق چیسپیک شہر میں فائرنگ کا یہ واقعہ امریکا میں تھینکس گیونگ ڈے منانے کی چھٹی سے قبل پیش آیا ہے جب کہ اس سے قبل ہفتے کے آخر میں کولوراڈو کے ایک ایل جی بی ٹی کیو کلب میں ایک اور فائرنگ کے واقعہ میں 5 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

چیسپیک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے افسر نے جائے وقوعہ پر صحافیوں کو بتایا کہ فائرنگ کے فوری بعد جائے وقوع پر پہنچ کر ریسپانس افسران اور ٹیکٹیکل ٹیمیں اسٹور میں داخل ہوئیں، ہم نے وہاں کئی ہلاک افراد اور متعدد زخمی شہریوں کو پایا۔پولیس افسر نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ حملہ آور ایک ہی تھا اور وہ فائرنگ کرنے والا بھی ہلاک ہو گیا ہے، انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ مشتبہ شوٹر کی موت کیسے ہوئی۔

فائرنگ واقعہ کے بعد پہلی ہنگامی کال منگل کی رات 10 بجے کے بعد کی گئی تھیں جبکہ اسٹور اس وقت تک کھلا تھا۔خبروں میں چلنے والی فوٹیج میں جائے وقوع پر پولیس کی بڑی تعداد دیکھی گئی، میڈیا رپورٹس کے مطابق کئی افسران اور تفتیش کار اسٹور کا جائزہ لے رہے تھے جب کہ علاقے کو سیل کیا جارہا تھا جب کہ ہلاکتوں کی صحیح تعداد واضح نہیں تھی۔

پولیس افسر نے صحافیوں کو بتایا کہ پولیس سمجھتی ہے کہ فائرنگ کے اس واقعہ میں 10 سے کم افراد ہلاک ہوئے۔امریکا کی سب سے بڑی ریٹیل اسٹور چین والمارٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم اس المناک واقعے پر صدمے میں ہیں، متاثرہ افراد، کمیونٹی اور اپنے ساتھیوں کے لیے دعاگو ہیں۔