چین کے صدر شی جن پنگ آئندہ ہفتے روس کا اہم دورہ کریں گے۔چینی وزارت خارجہ کی جانب سے بتایا گیا کہ صدر شی جن پنگ 20 سے 22 مارچ تک روس کا دورہ کریں گے۔
یہ فروری 2022 میں یوکرین پر حملے کے بعد چینی صدر کا پہلا دورہ روس ہوگا۔اس سے قبل ستمبر 2022 میں چین کے صدر نے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن سے ازبکستان کے شہر سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کی تھی۔
چینی وزارت خارجہ نے بتایا کہ صدر شی جن پنگ روسی صدر کی درخواست پر وہاں جا رہے ہیں۔ماسکو کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
بیان میں بتایا گیا کہ اس دوران اہم معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے، مگر اس حوالے سے وضاحت نہیں کی گئی۔چینی صدر کا دورہ اس وقت ہو رہا ہے جب چین کی جانب سے یوکرین اور روس کے درمیان جنگ بندی اور مذاکرات کے ذریعے معاملہ حل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
اسی طرح بحیرہ اسود میں امریکی جنگی ڈرون کے تباہ ہونے کے بعد امریکا اور روس کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے، اس حوالے سے بھی چینی صدر کا دورہ اہم تصور کیا جا رہا ہے۔