بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے سب سے گنجان آباد شہر اندور میں واقع ایک مندر میں کنویں کی چھت گرنے کے باعث 30 سے زائد افراد اس میں جا گرے جن میں سے 12 زائرین کی موت ہو گئی۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب ہندو دیوتا بھگوان رام کے جنم دن رام نومی کے موقع پر بھارت بھر کے عقیدت مندوں سے مندر کھچا کھچ بھرا ہوا تھا، کنویں کی چھت پر واقع مندر کی چھت عوام کی کثیر تعداد کی وجہ سے گری۔
بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق 17 لوگوں کو ریسکیو کرلیا گیا جن میں سے متعدد ہسپتال میں داخل ہیں جب کہ بیلیشور مہادیو مندر میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
بیلیشور مہادیو مندر میں یہ واقعہ رام نومی کے موقع پر عقیدت مندوں کی بڑی تعداد میں موجودگی کے باعث پیش آیا، جائے وقوع کے جائزہ سے پتا چلتا ہے کہ لوگوں کے بوجھ کی وجہ سے کنویں کی چھت گری جس پر مندر واقع تھا اور لوگ کنویں میں جا گرے۔
وزیر اعلیٰ مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان نے اپنے بیان میں کہا کہ کنویں میں گرنے والوں کو بچانے کی تمام کوششیں کی جا رہی ہیں، یہ ایک بدقسمت واقعہ ہے لیکن ریسکیو آپریشن جاری ہے۔