ریانا برناوی انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن کا سفر کرنے والی پہلی عرب خاتون بن گئیں

سعودی عرب کی پہلی خاتون خلا باز ریانا برناوی انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن (آئی ایس ایس) کا سفر کرنے والی پہلی عرب خاتون بن گئیں۔ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کا نجی مشن بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر روانہ ہو گیا، مشن فلوریڈامیں ناسا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے روانہ ہوا۔امریکا سے تعلق رکھنے والی ایک کمپنی Axiom Space کی جانب سعودی عرب کا مشن آئی ایس ایس کے لیے روانہ کیا گیا جو مجموعی طور پر 4 افراد پر مشتمل ہے۔

سعودی عرب سے تعلق رکھنے والی ریانا برناوی کے ساتھ علی القرنی، پیگی وٹسن اور جان شوفنر اس مشن کا حصہ ہیں۔اس مشن کے ساتھ ریسرچر ریانا برناوی خلائی سفر کرنے والی پہلی عرب خاتون بن گئی ہیں، نجی خلائی مشن بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پرایک ہفتہ گزارےگا۔

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اس مشن کا مقصد انسانی خلائی پرواز میں سعودی عرب کی صلاحیتوں کو بڑھانا،انسانیت کی خدمت اور خلائی صنعت کی طرف سے پیش کردہ امید افزا مواقع سے فائدہ اٹھانے کے ساتھ صحت اور خلائی ٹیکنالوجی جیسے کئی پہلوؤں میں سائنسی تحقیق میں تعاون کرنا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ریانا برناوی اور علی القرنی کے علاوہ 2 اور خلابازوں مریم فردوس اور علی الغامدی کو بھی مستقبل کے خلائی مشن کے لیے سعودی اسپیس فلائٹ پروگرام کے تحت تربیت دی جا رہی ہے۔

ریانا برناوی کی پیدائش 1988 میں جدہ میں ہوئی تھی اور انہوں نے بائیو میڈیکل سائنسز میں ماسٹر ڈگری حاصل کی۔وہ لگ بھگ ایک دہائی سے بائیو میڈیکل محقق کے طور پر اسٹیم سیلز پر کام کر رہی ہیں۔وہ آئی ایس ایس میں اسٹیم سیلز پر تحقیق کریں گی، سعودی خلا باز مجموعی طور پر 14 تجربات کریں گے۔