بھارت کی ریاست اوڈیسا کے ضلع بالاسور میں مسافر ریلوں کے حادثے میں 50 افراد ہلاک اور 300 افراد زخمی ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق اوڈیسا کے ضلع بالاسور میں مسافر ریل پٹڑی سے اتر گئی مال گاڑی سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ہلاکتیں ہوئیں جبکہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ٹوئٹ میں بتایا کہ جائے حادثے پر امدادی کام جاری ہے اور متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔
مغربی بنگال کے چیف سیکریٹری ایچ کے ڈیویڈی نے صحافیوں کو بتایا کہ ریل کا تصادم ’بدترین حادثہ‘ ہے۔جنوب مشرقی ریاست کے ریلوے عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی بنیاد پر بتایا کہ خدشہ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد بہت زیادہ ہے تاہم انہوں نے تعداد نہیں بتائی۔بھارتی میڈیا نے رپورٹس میں بتایا کہ کولکتہ سے چنائی جانے والی کرومنڈیل ایکسپریس پٹڑی سے اتر گئی اور مخالف ٹریک پر گری اور کئی افراد تاحال دبے ہوئے ہیں۔
جنوب مشرقی ریلویز کے جنرل منیجر ارچنا جوشی نے بتایا کہ میں اس وقت تفصیلات اور ہلاکتوں کی تعداد نہیں بتاسکتیں، میں دہلی میں تھی اور جائے حادثے کی طرف جا رہی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ زخمیوں کی ایک بڑی تعداد کو ہسپتالوں میں منتقل کی جا رہی ہیں۔ارچنا جوشی کا کہنا تھا کہ خراگپور اور دیگر قریبی اسٹیشنز سے ریلوے ریسکیو کی ٹیمیں جائے حادثے پر پہنچی ہیں، جہاں ریلیف اور ریسکیو کا کام جاری ہے۔
اوڈیسا کے وزیراعلیٰ نوین پارٹنیک نے کہا کہ حکام کی ترجیح زخمیوں کو ہسپتال پہنچانا اور ان کو طبی امداد فراہم کرنا ہے۔وفاقی وزیر ریلوے ایشوینی ویشناؤ نے بتایا کہ اوڈیسا کے بھوبینشوار اور مغربی بنگال میں کولکتہ سے امدادی ٹیمیں بھیج دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس، ریاستی حکومتی ٹیمیں اور ایئرفورس بھی جائے حادثے پر متحرک ہیں۔