بھارتی ریاست اتر پردیش میں شدید گرم موسم اور ہیٹ ویو کے باعث دو روز کے دوران کم از کم 34 افراد ہلاک ہو گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش میں شدید گرمی کی لہر جاری اور بھارتی محکمہ موسمیات نے ریاست کے 28 اضلاع میں ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کر رکھا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اتر پردیش کے مختلف اسپتالوں میں دو روز کے دوران ہیٹ ویو کے باعث اسپتال لائے گئے 34 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ مرنے والے تمام افراد 60 سال سے زیادہ عمر کے تھے، ڈاکٹرز نے شدید گرم موسم کے باعث 60 سال سے زیادہ عمر کے افراد کو دن کے اوقات میں گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ شدید گرم موسم کے ساتھ ریاست بھر میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے جس کے خلاف عوام کی جانب سے احتجاج بھی کیا جا رہا ہے۔خیال رہے کہ بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر ممبئی میں بھی اپریل میں شدید گرمی سے 13 افراد ہلاک ہوئے تھے۔