چین میں ایک کے جی اسکول پر ہونے والے حملے کے نتیجے میں بچوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ چین کے جنوب مشرقی صوبے گوانگ ڈونگ میں پیش آیا جہاں ایک شخص نے کنڈر گارٹن ( کے جی ) اسکول میں گھس کر چاقو سے وار کیے جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوئے جن میں تین بچے بھی شامل ہیں۔پولیس کےمطابق حملے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک ٹیچر اور دو والدین بھی شامل ہیں جب کہ ایک شخص زخمی ہے جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس کا بتانا ہےکہ واقعے کے بعد ایک 25 سالہ مشتبہ شخص کو حراست میں لیا گیا ہے جس کی شناخت وو ان کے نام سے ہوئی ہے۔میڈیا رپورٹس کےمطابق واقعہ مقامی وقت کے مطابق پیر کی صبح 7 بج کر 40 منٹ پر پیش آیا، واقعے کے تھوڑی ہی دیر بعد ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ یہ کیس ایک غیر ارادی طور پر حملے کا ہے، واقعے کے بعد اطراف کے علاقوں کو مکمل سیل کردیا گیا ہے۔گزشتہ برس اگست میں بھی چین کے جنوب مشرقی صوبے جیانگ ژی میں ایک اسکول میں حملہ کیا گیا تھا جس میں 3 افراد ہلاک ہوئے تھے جب کہ اپریل 2021 میں چاقو سے حملوں میں 2 بچے ہلاک ہوئے۔اس کے علاوہ اکتوبر 2018 میں بھی ایک اسکول میں حملہ کیا گیا تھا جس میں 14 بچے زخمی ہوگئے تھے۔