بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں شدید بارشوں سے ہونے والے حادثات میں 22 افراد ہلاک ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے شمالی علاقوں میں ان دنوں مون سون کی موسلادھار بارشیں جاری ہیں جہاں نشیبی علاقے بری طرح متاثر ہیں اور متعدد شہروں میں سیلابی صورتحال ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست ہماچل پردیش میں ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں اب تک 22 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ محکمہ موسمیات نے ہماچل پردیش، اترکھنڈ، پنجاب، ہریانہ، جموں و کشمیر، راجستھان اور دہلی سمیت قریبی علاقوں میں آئندہ دنوں کے دوران مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں طوفانی بارشوں کے باعث سیلاب لینڈسلائیڈنگ نے تباہی مچا دی 22 ہلاکتیں#HimachalFloods ,#rains,#deaths,#Flood ,#alert, pic.twitter.com/JEZuCMfHAW
— Mahranikhan (@Mahrani90809546) July 10, 2023
بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ ہماچل پردیش، اترکھنڈ اور دہلی میں بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں اور پانی رہائشی عمارتوں میں داخل ہوگیا جب کہ سڑکوں پر سیلابی صورتحال سے گاڑیاں پانی میں تیرتی نظر آرہی ہیں۔
ریاست ہماچل پردیش میں لینڈ سلائیڈنگ فلیش فلڈ سے گھروں کو نقصان پہنچا ہے، اس کے علاوہ انفرا اسٹرکچر کو نقصان سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں جب کہ اترکھنڈ میں بھی لینڈ سلائیڈنگ اور فلش فلڈ سے صورتحال خراب ہے اور پانی خطرناک لیول سے بھی اوپر جا پہنچا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق راجستھان، پنجاب اور ہریانہ کے نشیبی علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال ہے جہاں بارش سے شدید متاثر ہونے والے علاقوں میں انتظامیہ کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔