فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو قومی دن کی تقریبات کے آغاز کے موقع پر ملک کا اعلیٰ ایوارڈ ’لیجن ڈی آنر‘ سے نواز دیا جہاں انہیں مہمان خصوصی کی حیثیت دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایمانوئیل میکرون نے فرانس کا اعلیٰ ترین اعزاز ’لیجن آف آنر‘ سے نوازا جو بھارتی وزیراعظم کو بہترین دوستانہ تعلقات اور اعتماد کے تحت فرانس اور بھارت کو متحد رکھنے کا اعتراف ہے۔
نریندرمودی نے ٹوئٹر پر کہا کہ انہوں نے بڑے اعزاز کے ساتھ یہ ایوارڈ وصول کیا اوریہ 1.4 ارب بھارت کے شہریوں کے لیے عزت کی بات ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مودی کو دیے گئے ایوارڈ سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ فرانس اور بھارت کے درمیان تعلقات کتنے گہرے ہیں اور اسٹریٹجک شراکت داری کے 25 برس مکمل ہوگئے ہیں۔
قومی دن کی تقریبات کے دوران مودی نے اپنی تقریر میں فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون کو اپنا دوست قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ قربت صرف قیادت تک محدود نہیں ہے، یہ دراصل فرانس اور بھارت کے درمیانی غیرمتزلزل دوستی ہے۔
اس سے قبل گزشتہ روز بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا تھا کہ فرانس سے نیوی کے لیے 26 رافیل جنگی جہاز اور 3 اسکارپین کلاس آبدوزیں خریدنے کی منظوری دی گئی ہے۔ یوکرین کے معاملے پر اختلافات اور بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے باوجود مغربی ممالک مودی اور بھارت کو فوجی اور معاشی حوالے سے چین کے مدمقابل سمجھتے ہیں۔
مودی کو فرانس میں ریڈ کارپٹ استقبال سے قبل واشنگٹن میں بھی وائٹ ہاؤس میں غیرمعمولی پذیرائی ملی تھی جہاں کسی زمانے میں ان کے داخلے پر پابندی تھی۔
فرانس کے صدر میکرون نے جمعرات کو عسکری رہنماؤں کے اجلاس میں کہا تھا کہ بھارت دنیا کی تاریخ کا دیو ہے اور مستقبل میں اس کا فیصلہ کن کردار ہوگا۔