خفیہ دستاویز ات کیس میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مقدمے کی سماعت کی تاریخ سامنے آگئی ۔برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف خفیہ دستاویزات رکھنے کے الزام میں مقدمے کی سماعت اگلے سال شروع ہوگی۔
گزشتہ روز امریکی عدالت کے جج ایلین کینن نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کے خلاف خفیہ دستاویزات کے مقدمے کی سماعت کی تاریخ 20 مئی 2024 مقرر کی گئی ہے، دو ہفتے کے مقدمے کی سماعت فورٹ پیئرس ، فلوریڈا میں ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ چاہتے تھے کہ نومبر 2024 کے انتخابات کے بعد مقدمے کی سماعت ہو جبکہ پراسیکیوٹر کا مؤقف تھا کہ یہ مقدمہ رواں سال چلایا جائے ۔
ایف بی آئی نے گزشتہ سال اگست میں ڈونلڈ ٹرمپ کی فلوریڈا میں واقع رہائش گاہ پر تلاشی کے دوران 11 ہزار سے زائد حساس دستاویزات قبضے میں لی تھیں۔
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو وائٹ ہاؤس چھوڑنے کے بعد خفیہ سرکاری دستاویزات رکھنے اور محکمہ انصاف کی تحقیقات میں رکاوٹیں ڈالنے کے37 الزامات کا سامنا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ پر خفیہ دستاویزات کیس میں فرد جرم بھی عائد کی گئی جبکہ گزشتہ ماہ میامی میں فیڈرل کورٹ ہاؤس میں خفیہ دستاویزات کیس میں پیشی کے موقع پر ٹرمپ کو گرفتار بھی کیا گیا تھا تاہم کچھ دیر بعد انہیں رہا کردیا گیا تھا۔
سابق صدر نے ہمیشہ ہی خود کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے اس مقدمے کو اپنی انتخابی مہم کو تباہ کرنے کی کوشش قرار دیا۔
انہوں نےخفیہ دستاویزات کیس میں اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سزا دینے کی کوشش الیکشن میں مداخلت ہے ۔
میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ پر تمام الزامات ثابت ہوجاتے ہیں تو انہیں مجموعی طور پر 100 سال قید ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2024 کے صدارتی انتخابات لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کاغذات نامزدگی بھی جمع کراد یے تھے۔