فلپائن میں مسافر کشتی اُلٹنے سے 26 افراد ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کی رات کو دارالحکومت منیلا کے نزدیک ساحلی علاقے میں مسافروں سے بھری کشتی طوفان کے باعث شدید طغیانی اور تیز رفتار ہوائیں چلنے کی وجہ سے ڈوب گئی۔
کشتی الٹنے کے حادثے میں کم از کم 26 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 40 مسافروں کو ریسکیو کرلیا گیا۔فلپائنی کوسٹ گارڈ اور پولیس حکام کے مطابق یہ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ کشتی پر کتنے لوگ سوار تھے، لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔
کوسٹ گارڈ حکام کا کہنا ہے کہ شدید ہواؤں کی وجہ سے زیادہ تر مسافر کشتی کی ایک جانب چلے گئے جس کے باعث کشتی کی ایک سائیڈ پر وزن بڑھ گیا اور وہ جھک گئی اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے کشتی الٹ گئی۔رپورٹس کے مطابق سمندری طوفان ڈوکسوری گزشتہ روز فلپائن کے شمالی ساحلوں سے ٹکرایا تھا۔