واشنگٹن(سی این پی) اخلاقیات قوانین کی خلاف ورزی پر پاکستان میں سابق امریکی سفیر رچرڈ اولسن کو 3 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔امریکی میڈیا کے مطابق امریکا میں سابق امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے گزشتہ سال جون میں ذاتی مفادات حاصل کرنے کے لیے عہدے کا غلط استعمال کرنے اور تفتیش کاروں کو جھوٹا بیان دینے کا اعتراف کیا تھا۔رچرڈ اولسن کو اخلاقیات سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی پر 3 برس قید اور 93 ہزار 4 سو ڈالر جرمانہ کی سزا سنادی گئی۔
امریکی اٹارنی آفس کے مطابق پاکستان میں بطورسفیر خدمات انجام دیتے ہوئے رچرڈ اولسن نے ایک پاکستانی نڑاد امریکی بزنس مین سے فوائد حاصل کیے۔عدالتی دستاویز میں کہا گیا ہے کہ رچرڈ اولسن نے پاکستانی امریکی شہری کو اپنی گرل فرینڈ کو 25 ہزار ڈالر دینے پر آمادہ کیا تا کہ وہ کولمبیا یونیورسٹی میں اپنی فیس دے سکیں سابق سفیر کو ملازمت کے سلسلے میں فرسٹ کلاس میں لندن کے فضائی سفر کیلئے 18 ہزار ڈالر بھی دیے گئے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق رچرڈ اولسن نے امریکی پالیسی سازوں پر اثرانداز ہونے کیلئے قطر حکومت کی مدد کی اور اپنی غیرقانونی سرگرمیوں کی پردہ پوشی کیلئے کئی اقدامات کیے۔ سابق امریکی سفارتکار 63 سالہ رچرڈ اولسن امریکی محکمہ خارجہ سے 2016 میں ریٹائر ہوگئے تھے۔ وہ 2012 سے 2015 تک پاکستان میں امریکا کے سفیر رہے تھے۔