کینیڈا نے بھارتی خفیہ ایجنسی کے سربراہ کو ملک بدر کر دیا

ٹورنٹو(سی این پی) بھارت اور کینیڈا کے تعلقات مزید کشیدہ ہوگئے ،کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہونے کی تصدیق کردی، بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا نے بھارتی سفارتکار کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے جبکہ بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سربراہ پون کمار کو ملک بدر کر دیا۔

کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے پارلیمنٹ سے خطاب میں کہا ہے کہ کینیڈین انٹیلی جنس نے ہردیپ نجر کی موت اور بھارتی حکومت کے درمیان تعلق کی نشاندہی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ جی 20 اجلاس میں بھارتی وزیراعظم مودی کے ساتھ اٹھایا تھا، کینیڈین سرزمین پرشہری کے قتل میں غیرملکی حکومت کا ملوث ہونا ہماری خودمختاری کیخلاف ہے۔

کینیڈا وزیر اعظم نے کہا کہ کینیڈا کی انٹیلی جنس نے ہر دیپ سنگھ نجر کی موت اور بھارتی حکومت کے درمیان تعلق کی نشاندہی کی ہے، خالصتان کے حامیوں نے ہردیپ سنگھ کی موت کے بعد بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیوں پر الزام عائد کیا،ہردیپ سنگھ کے قتل کے خلاف سکھوں نے لندن اور کینیڈا سمیت دنیا بھر میں مظاہرے بھی کئے ،وینکوور میں خالصتان ریفرنڈم میں شرکا نے بھارتی سفارت کاروں پر ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کا الزام لگایا ،وینکوور میں 10 ستمبر کو ہونے والے ریفرنڈم میں ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد سکھوں نے حصہ لیا ،ریفرنڈم میں ہردیپ سنگھ کے مبینہ قتل میں ملوث بھارتی سفارت کاروں کی تصاویر والے بینر اور پوسٹر بھی لگائے گئے تھے

دوسری جانب گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا ہے کہ ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے حوالے سے بھارت کے ملوث ہونے کا ہمارا دعویٰ سچا ثابت ہوگیا ہے، بھارت کی انٹیلی جنس کے اہلکاروں کے قتل میں ملوث ہونے کی سازش دنیا بھر میں بے نقاب ہوگئی ہے،شہید ہردیپ سنگھ نجر ریفرنڈم 29 اکتوبر کو سرے بی سی میں منعقد ہوگا ،جسٹن ٹروڈو سچ سامنے آنے کے بعد کینیڈا میں بھارت کے ہائی کمشنر سنجے ورما کو بھی فوری طور پر نکال باہر کریں

یاد رہے کہ خالصتان کے حامی سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کو کینیڈا میں گوردوارے کے سامنے 18 جون کو گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا تھا سکھ فار جسٹس کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے دعوی کیا تھا کہ ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارتی سفارت کار ملوث ہیں،ہردیپ سنگھ نجر کینیڈا میں سکھ فار جسٹس خالصتان کے رہنما تھے،ہردیپ سنگھ نجر پر بھارتی حکومت نے متعدد جعلی مقدمات قائم کررکھے تھے،ہردیپ سنگھ نجر کو خالصتان کی تحریک سے دستبردار ہونے کیلئے بھارتی سفارت خانے کی جانب سے نتائج بھگتنے کی دھمکیاں بھی مل رہی تھیں،سکھ فار جسٹس گرپتونت سنگھ پنوں نے ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے الزام میں مطلوب بھارتی سفارت کاروں کے وانٹڈ پوسٹر بھی جاری کئے