نئی دہلی(سی این پی) بھارتی ریاست کیرلہ سے تعلق رکھنے والے ایم پی راج موہن نے کہا ہے کہ اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو کو بغیر مقدمے چلائے گولی مار کر قتل کردینا چاہیے۔کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راج موہن اننتھن نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کو “نیورمبرگ ماڈل” کی طرز پر سزا دینے کا مطالبہ کیا۔بھارتی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، راج موہن انیتھن کا کہنا تھا کہ محصور غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کے خلاف جنگی جرم کا ارتکاب کرنے پر نیتن یاہو کو یہ سزا دینی چاہیے۔غزہ میں اسرائیلی افواج کی جانب سے جاری ریاستی دہشت گردی کے خلاف کیرالہ کے علاقے کاسرگوڈ میں فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کاسرگوڈ متحدہ مسلم جماعت نے ریلی نکالی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے رہنما نے کہا کہ جنیوا کنونشن کے تحت تمام معاہدوں کو توڑنے والوں کے ساتھ کیا سلوک کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد جنگی جرائم کے مجرم جرمن نازیوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے نیورمبرگ ٹرائلز کے نام سے سزائیں دی گئی تھیں، جس کے تحت ان جنگی جرائم کے ملزمان کو بغیر کوئی مقدمہ چلائے قتل کردیا گیا تھا، اب وقت آگیا ہے کہ نیورمبرگ ماڈل کو اسرائیلی وزیر اعظم پر بھی لاگو کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ آج نیتن یاہو ایک جنگی مجرم کے طور پر دنیا کے سامنے کھڑا ہے۔اب وقت آگیا ہے کہ فلسطینیوں پر ہونے والے اسرائیلی افواج کے مظالم کی وجہ سے کسی مقدمے کی سماعت کے بغیر نیتن یاہو کو گولی مار کر ہلاک کیا جائے۔