تل ابیب(سی این پی) اسرائیل کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ ابھی جنگ ختم نہیں ہوئی ہے، ابھی مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی کی حکمت عملی پر غور کیا جا رہا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے حملے کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی زیر صدارت اجلاس جاری ہے
جس میں وزیر دفاع یوو گیلنٹ، اور نیشنل یونین پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر دفاع بینی گانٹز، اسٹریٹجک امور کے وزیر رون ڈرمر اور سیاست دان گاڈی آئزن کوٹ بھی شریک ہیں۔
ابھی اسرائیلی کابینہ ایران کے حملے پر جوابی کارروائی کے لیے حکمت عملی طے کر رہی ہے لیکن اس حوالے سے کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکی ہے جب کہ امریکا پہلے ہی ایران کے خلاف کارروائی میں حصہ لینے سے معذرت کر چکا ہے۔
تاہم ایک اسرائیلی عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر عالمی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ایرانی حملے کا بھر پور جواب دیں گے لیکن اس ردعمل کے دائرہ کار کا تعین ہونا باقی ہے۔اسرائیلی عہدیدار نے مزید بتایا تھا کہ توقع ہے کہ اتوار کو اسرائیل کی جنگی کابینہ کے اجلاس کے دوران حکمت عملی وضع کرلی جائے گی۔
اسرائیلی وزیر دفاع پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ایران کے ساتھ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی ہے۔ بھرپور جوابی کارروائی کریں گے۔اس سے قبل اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے قوم سے خطاب میں اعلان کیا تھا کہ اسرائیل ایران کے براہ راست حملے کی تیاری کر رہا ہے۔نیتن یاہو نے مزید کہا تھا کہ ہم نے ایک واضح اصول طے کیا ہے کہ جو کوئی ہمیں نقصان پہنچائے گا، ہم اسے نہیں چھوڑیں گے۔