نیویارک(سی این پی) ایران کے اسرائیل پر حملے کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس رسمی کارروائی کے بعد ملتوی کر دیا گیا۔
غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق سلامتی کونسل میں اسرائیل ایران تنازع پر مزید بحث بعد میں کی جائے گی۔
ہنگامی اجلاس اسرائیل کی درخواست پر بلایا گیا تھا جس میں اسرائیل نے سلامتی کونسل سے ایران حملے کی مذمت کرنے اور ایران کے پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قراردینے کا مطالبہ کیا تھا۔
سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ کسی بھی ریاست کی علاقائی سالمیت کے خلاف طاقت کا استعمال منع ہے۔
مشرق وسطیٰ تباہی کے دہانے پر ہے، خطے کو تباہ کن جنگ کے خطرے کا سامنا ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ کشیدگی کم اور زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کیا جائے۔
اجلاس میں اقوام متحدہ میں امریکا کے نائب مندوب رابرٹ ووڈ نے کہا کہ سلامتی کونسل ایران کے جارحانہ اقدامات کی مذمت کرے اور سلامتی کونسل ایران اور اس کے شراکت داروں سے حملے بند کرائے۔