یوکرین کے شمال مشرقی ریجن سومی کے گورنر دیمترو زیوتسکی Dmytro Zhyvytskyy نے دعویٰ کیا ہے کہ شہر اوختیرکا کے فوجی اڈے پر روسی فوج کے حملے میں 70 سے زائد یوکرینی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔
دیمترو زیوتسکی کا کہنا ہے کہ روسی حملے میں یوکرین کا ایک فوجی یونٹ تباہ ہو گیا ہے اور امدادی کارکن اور رضا کار ملبے سے لاشوں کو نکال رہے ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق یوکرینی دارالحکومت کیف، مغربی شہروں ترنوپل، وینتسیا اور ریون میں فضائی حملوں کے سائرن بجائے جا رہے ہیں۔
برطانوی میڈیا نے بتایا کہ شہر چرکیسی اور کروپیوینیتسکی میں بھی فضائی حملوں کے سائرن بجائے جا رہے ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق روسی فوجیوں نے یوکرین کے شہر خیر سون پر حملہ کر دیا ہے۔
خیر سون ہوائی اڈے کے قریب زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
خیر سون حکام کا کہنا ہے کہ خیر سون کو روسی فوجیوں نے گھیر لیا ہے، تاہم یہ شہر ابھی بھی یوکرینی فوج کے کنڑول میں ہے۔
دوسری جانب میئر خیر سون کا کہنا ہے کہ روسی فوج نے خیر سون شہر کے داخلی راستوں پر چوکیاں بنا لی ہیں۔