امریکی صدارتی انتخاب میں مداخلت کا خدشہ، ایران کے متعدد واٹس ایپ گروپس بلاک

امریکی صدارتی انتخاب میں مداخلت کا خدشہ، ایران کے متعدد واٹس ایپ گروپس بلاک

واشنگٹن: امریکی صدارتی انتخابات میں مداخلت کے خدشے کے پیش نظر ایران کے متعدد واٹس ایپ گروپس کو بلاک کردیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق، فیس بک، انسٹا گرام اور واٹس ایپ کی مادر کمپنی میٹا نے کہا ہے کہ ایرانی ہیکرز کے کئی واٹس ایپ گروپس کو بلاک کیا گیا ہے۔ ان گروپس کا تعلق ایران کی پاسداران انقلاب سے ہے۔

میٹا کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی ہیکرز واٹس ایپ گروپس کے ذریعے تکنیکی مدد کے نام پر ایسے افراد کو نشانہ بنا رہے ہیں جو جو بائیڈن کی حکومت اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے جڑے ہوئے ہیں۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایرانی ہیکرز کی جانب سے واٹس ایپ گروپس کو نشانہ بنانے میں کامیابی کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ یہ ہی ہیکر گروپ پہلے بھی کملا ہیرس کی انتخابی مہم سے وابستہ افراد کو ٹارگٹ کرچکا ہے۔ مائیکروسافٹ اور گوگل بھی اس گروپ کی حالیہ سرگرمیوں کے بارے میں انتباہ جاری کرچکے ہیں۔

اس سے قبل امریکی حکومت نے بتایا تھا کہ ایران ری پبلکن اور ڈیموکریٹ امیدواروں کی صدارتی مہم کو ہیک کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے نتائج پر اثر ڈال سکے۔