حزب اللہ کا سیکڑوں راکٹس اور ڈرونز سے حملہ؛ اسرائیل کا 2 روزہ ایمرجنسی کا اعلان

حزب اللہ کا سیکڑوں راکٹس اور ڈرونز سے حملہ؛ اسرائیل کا 2 روزہ ایمرجنسی کا اعلان

بیروت: حزب اللہ کی کارروائیوں کے جواب میں اسرائیل نے دو دن کے لیے ہنگامی حالت کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے اور بین الاقوامی پروازوں کو روک دیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، حزب اللہ نے اپنے رہنما حسن نصر اللہ کے قریبی ساتھی اور سینئر کمانڈر فواد شکر کی شہادت کا انتقام لینے کے لیے اسرائیل کے مشرقی علاقے میں 320 راکٹ اور 100 سے زائد دھماکا خیز ڈرونز کا استعمال کیا۔

حزب اللہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجی تنصیبات اور دفاعی نظام، آئیرن ڈوم، کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا اور شہید کمانڈر کے بدلے میں یہ صرف ابتدائی اقدام ہے۔

اسرائیل نے دو دن کے لیے ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی اور تل ابیب آنے اور جانے والی بین الاقوامی پروازیں معطل کر دی تھیں، جو بعد میں بحال کر دی گئیں۔

دوسری جانب اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ حزب اللہ کے حملوں کے جواب میں فضائی فوج کے 100 جنگی طیاروں نے حزب اللہ کے راکٹ لانچر سائٹس پر حملہ کر کے ہزاروں راکٹس کو پرواز کرنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا۔