سری نگر۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی کارروائی کے دوران 2 کشمیری نوجوان شہید ہو گئے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، ضلع کٹھوا میں بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے نام پر داخلی اور خارجی راستے بند کر دیے اور گھر گھر تلاشی لی۔ اس دوران فوج نے چادر و چار دیواری کی پامالی کی، خواتین کو ہراساں کیا، بزرگوں اور بچوں پر تشدد کیا، اور نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔
سرچ آپریشن کے دوران، بھارتی فوج نے ایک گھر پر بلاامتیاز فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 2 نہتے کشمیری نوجوان شہید ہو گئے۔ یہ نوجوان مقامی کالج کے طالب علم تھے۔ بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے نوجوانوں کو عسکریت پسند ثابت کرنے کی ناکام کوشش کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ مسلح تھے اور بھارتی فوج کی چھاپا مار ٹیم پر فائرنگ کی تھی۔ بھارتی فوج نے شہید نوجوانوں کی لاشوں کو پولیس کے حوالے کر دیا ہے، اور ابھی تک شہدا کے والدین اپنے پیاروں کی لاشیں حاصل کرنے کے لیے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔