جنوبی کوریا میں 13، 13 بچے پیدا کرنیوالی دو خواتین کیلیے سویلین ایوارڈ

سیول ۔جنوبی کوریا کی وزارت صحت اور فلاح و بہبود نے دو خواتین کو 13، 13 بچے پیدا کرنے پر سویلین سروس میڈل سے نوازا ہے، جبکہ ملک تیزی سے گرتی شرح پیدائش کا سامنا کر رہا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، 60 سالہ ایوم گئی-سُک کو سول میرٹ کے پانچویں درجے کے ایوارڈ، سی یونگنیو میڈل سے نوازا گیا۔ یہ ایوارڈ ان افراد کو دیا جاتا ہے جنہوں نے ملکی سیاست، معیشت، معاشرت، تعلیم یا اکادمی میں نمایاں کردار ادا کیا ہو۔

59 سالہ لی یونگ-می کو بھی ایک سول میرٹ میڈل دیا گیا، جو ان لوگوں کو ملتا ہے جو اپنی کامیابیوں، عطیات یا جان کی پرواہ کیے بغیر دوسروں کی زندگیوں کو بچانے یا عوامی خدمت میں مصروف رہنے کی وجہ سے ملکی فلاح میں حصہ ڈالتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، ایوم نے 1986 سے 2007 کے درمیان پانچ بیٹوں اور آٹھ بیٹیوں کو جنم دیا، جبکہ لی کے گھر پہلے بچے کی ولادت 23 سال کی عمر میں اور آخری بچے کی ولادت 44 سال کی عمر میں ہوئی۔

واضح رہے کہ مشرقی ایشیا کا یہ ملک تیزی سے گرتی شرح پیدائش سے نبرد آزما ہے اور لوگوں کی بچوں کی پیدائش کے حوالے سے حوصلہ افزائی کے لیے مختلف پروگرامز متعارف کروا رہا ہے۔ 2022 میں ملک کا فرٹیلیٹی ریٹ تاریخ کی کم ترین سطح 0.78 تک پہنچ گیا تھا، جو عالمی سطح پر سب سے کم ہے۔