کوئٹہ۔بلوچستان کے ضلع کیچ میں تلور کے شکار کے لیے موجود عرب شیوخ کے قافلے پر بم دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں دو سیکیورٹی اہلکار شہید اور چار زخمی ہو گئے ہیں۔
لیویز کے مطابق یہ واقعہ دشت کھڈان زیریں بک کے علاقے میں پیش آیا، جو گوادر اور تربت کے درمیانی راستے میں واقع ہے۔ دھماکہ اس وقت ہوا جب شکار کے بعد عرب شیوخ اپنے کیمپ کی جانب واپس جا رہے تھے۔
حملے کے نتیجے میں تمام عرب شیوخ محفوظ رہے، تاہم ان کے ہمراہ موجود سیکیورٹی اہلکاروں کو نقصان پہنچا۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر تربت کے اسپتال منتقل کیا گیا۔
لیویز ذرائع نے بتایا کہ عرب شیوخ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تلور کے شکار کے لیے مختصر قیام کرتے ہیں اور شکار مکمل ہونے کے بعد واپس چلے جاتے ہیں۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔