بیجنگ۔چین میں ایک نیا اور تیزی سے پھیلنے والا وائرس دنیا کو دوبارہ خبردار کر رہا ہے، جو پہلے ہی کورونا وائرس کی تباہ کاریوں کا سامنا کر چکی ہے۔
عالمی ذرائع کے مطابق، کورونا وبا کے پانچ سال بعد ایک اور وائرس نمودار ہو رہا ہے جس کی علامات کورونا سے مماثلت رکھتی ہیں۔
اس نئے وائرس کا نام ہیومن میٹاپنیو وائرس (HMPV) ہے، جس سے متاثرہ مریضوں میں نزلہ اور بخار جیسی علامات پائی جا رہی ہیں، اور ان میں سے کئی افراد اسپتالوں میں داخل ہو رہے ہیں۔
یہ صورتحال صحت عامہ کے اداروں کو چوکنا کر چکی ہے، اور عالمی تنظیموں اور طاقتوں نے بھی اس پر نظر رکھنا شروع کر دی ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز اور تصاویر میں چین کے اسپتالوں کو مریضوں سے بھرا ہوا دیکھا جا سکتا ہے، جو بخار، نزلے اور سانس کی تکلیف میں مبتلا ہیں۔
سوشل میڈیا پر یہ افواہیں بھی گردش کر رہی ہیں کہ چین کے مختلف شہروں میں کورونا جیسی پابندیاں دوبارہ نافذ کی جا رہی ہیں، لیکن ان خبروں کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
دوسری جانب، چینی حکومت اس معاملے پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے، جیسا کہ پانچ سال پہلے کورونا وائرس کے معاملے میں ابتدائی معلومات دینے سے گریز کیا گیا تھا۔