نئی دہلی ۔بھارتی بحریہ کے دو افسران کے ساتھ ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جب وشاکا پٹنم کے ساحل پر آپریشنل مشقوں کی ریہرسل کے دوران ان کے پیراشوٹ فضا میں الجھ گئے، جس کے نتیجے میں وہ سمندر میں گر گئے۔ خوش قسمتی سے، قریب موجود کشتی کے عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان کی جان بچا لی۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بھارتی بحریہ کی پیشہ ورانہ تیاریوں پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، دونوں افسران اس حادثے میں محفوظ رہے اور کوئی زخمی نہیں ہوا۔ یہ واقعہ ساحل پر موجود سینکڑوں شائقین کی موجودگی میں پیش آیا، جو بحریہ کی مشقوں کی ریہرسل دیکھنے کے لیے وہاں جمع تھے۔ حادثے نے بھارتی بحریہ کے آپریشنل دعووں پر تنقید کو جنم دیا ہے۔
واضح رہے کہ وشاکا پٹنم کے ساحل پر 4 جنوری کو بھارتی بحریہ کی جانب سے آپریشنل تیاریوں کا باضابطہ مظاہرہ کیا جانا ہے، جس میں آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ سمیت کئی اہم شخصیات اور بڑی تعداد میں عوام شرکت کریں گے۔ حادثے نے اس تقریب سے پہلے بحریہ کی تیاریوں پر گہرے اثرات ڈالے ہیں۔