سعودی عرب میں نجی اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں میں 45 فیصد اضافہ ہوا

ریاض۔سعودی عرب کی انسانی وسائل اور سماجی ترقی کی وزارت نے اعلان کیا ہے کہ سال 2024 کے دوران نجی اداروں میں کام کرنے والے سعودی شہریوں کی تعداد میں 45 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

سعودی میڈیا کے مطابق، وزارت نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے اقدامات نے مملکت کی معیشت میں ان کی شراکت میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔ وزارت کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ برس لیبر مارکیٹ میں شرح نمو 35.8 فیصد تک پہنچ گئی، جس میں خواتین کا حصہ 43 فیصد تک بڑھ گیا۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ نجی شعبے نے سعودی شہریوں کے روزگار میں 50.5 فیصد کا حصہ ڈالا، جس کے نتیجے میں بیروزگاری کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔

وزارت کے بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ سال نجی شعبے میں ملازمین کی تنخواہوں میں 45 فیصد تک اضافہ ہوا، جس سے معیارِ زندگی بہتر ہوا اور عوامی خوشحالی میں اضافہ ہوا۔

وزارت نے ان کامیابیوں کو ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2030 کا نتیجہ قرار دیا، جس کے تحت سعودی عرب میں مختلف شعبوں میں انقلابی اصلاحات لائی گئی ہیں اور معیشت کو متنوع بنایا گیا ہے۔