ممبئی ۔بھارت کے شہر ممبئی میں 78 سالہ بزرگ خاتون سائبر فراڈ کا شکار ہو گئیں جب انہوں نے اپنی بیٹی کے لیے کھانا امریکہ بھیجا تھا۔ سائبر فراڈ کا آغاز اس وقت ہوا جب خاتون کو کورئیر کمپنی سے منسلک ایک فراڈیے کی کال موصول ہوئی، جس میں انہیں بتایا گیا کہ ان کے بھیجے گئے کھانے میں غیر قانونی اشیاء موجود تھیں، جن میں کریڈٹ کارڈ، پاسپورٹ، اور 2 ہزار امریکی ڈالر شامل تھے۔
فراڈیے نے خاتون کو بتایا کہ اس سازش میں وہ اکیلی نہیں بلکہ دیگر افراد بھی شامل ہیں، اور پولیس کی وردیوں میں ملبوس ملزمان نے ویڈیو کالز کے ذریعے خاتون کو دھمکایا اور ان کے وارنٹ گرفتاری دکھائے۔ اس دھوکہ دہی کے تحت خاتون نے اپنی بینکنگ تفصیلات فراہم کیں، جس کے نتیجے میں فراڈیوں نے ان کے بینک اکاؤنٹس سے ڈیڑھ کروڑ بھارتی روپے منتقل کر لیے۔
خاتون نے جب اس واقعے کا ذکر اپنے رشتہ داروں سے کیا، تو انہیں سمجھایا گیا کہ وہ سائبر فراڈ کا شکار ہو گئی ہیں، اور اس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔ پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں، لیکن ملزمان ابھی تک قانون کی گرفت سے باہر ہیں۔