بھارتی سیکیورٹی فورسز کی سری نگر سینٹرل جیل میں قرآن پاک کی بے حرمتی

سرینگر۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فورسز نے سری نگر سینٹرل جیل میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران قرآن مجید کی بے حرمتی کی جسارت کی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا، جس نے قیدیوں اور عوام میں غم و غصے کی شدید لہر دوڑا دی۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ بھارتی فورسز نے دانستہ طور پر قرآن پاک کو بیرکوں میں پھینکا، جو ایک انتہائی اشتعال انگیز اور توہین آمیز عمل تھا۔

سری نگر جیل کے قیدیوں نے اس شرمناک واقعے کے خلاف بھرپور احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز کا یہ عمل ان کی مذہبی اقدار پر حملے کے مترادف ہے۔

کشمیری رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ قرآن پاک کی بے حرمتی کے ذمہ دار اہلکاروں کو فوری طور پر گرفتار کرکے کڑی سزا دی جائے۔

مذہبی رہنماؤں نے اپنے بیانات میں کہا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی سے مسلمانوں کے دل زخمی ہوئے ہیں، اور یہ واقعہ ایک گہرا روحانی اور جذباتی صدمہ ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے کشمیری عوام کی شناخت اور مذہبی عقائد کے خلاف بھارتی حکومت کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

تنظیموں نے مزید تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے عالمی برادری اور مسلم اکثریتی ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالیں تاکہ کشمیری عوام کے مذہبی جذبات کا احترام یقینی بنایا جا سکے۔