کینیڈا؛ جسٹن ٹروڈو کی جگہ ہم جنس پرستوں کی حامی بھارتی نژاد خاتون کے وزیرِ اعظم بننے کا امکان

ٹورنٹو۔کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے مستعفی ہونے کے بعد، بھارتی نژاد انیتا آنند ان کے ممکنہ جانشین کے طور پر سب سے نمایاں امیدوار کے طور پر سامنے آئی ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق، کینیڈا میں نئے وزیر اعظم کے انتخاب کا عمل 24 مارچ تک مکمل ہو جائے گا، اور جسٹن ٹروڈو کی کابینہ کی موجودہ وزیرِ نقل و حمل انیتا آنند کو وزیر اعظم کے عہدے کے لیے مضبوط امیدوار سمجھا جا رہا ہے۔

انیتا آنند، لبرل پارٹی کی سینئر رکن اور تجربہ کار سیاستدان ہیں، جو ماضی میں وزیرِ عوامی خدمات، وزیرِ قومی دفاع، اور وزیرِ خزانہ کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔

1967 میں کینیڈا میں بھارتی نژاد ڈاکٹر والدین کے ہاں پیدا ہونے والی انیتا آنند نے 1985 میں سیاسیات میں ڈگری حاصل کی اور بعد ازاں آکسفورڈ یونیورسٹی سے بیچلر آف آرٹس مکمل کیا۔ انہوں نے یونیورسٹی آف ٹورنٹو سے قانون میں بیچلر اور ماسٹرز کی ڈگریاں بھی حاصل کیں اور کچھ عرصہ تدریس کے شعبے میں کام کرتے ہوئے یونیورسٹی آف ٹورنٹو میں قانون کی پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دیں۔