ریاض۔سعودی عرب کی حکومت نے مختلف بیماریوں کے شکار مسافروں کے لیے نئی سفری ہدایات جاری کر دی ہیں، جن میں گردن توڑ بخار سمیت دیگر بیماریوں کی ویکسین لازمی قرار دی گئی ہے۔
سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی (GACA) نے دنیا بھر کی تمام ایئر لائنز کو ان ہدایات سے آگاہ کرتے ہوئے سعودی عرب سفر کرنے والے مسافروں کے لیے ان پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔
سعودی سول ایوی ایشن کے مطابق صحت سے متعلق ان ہدایات پر سختی سے عمل کرنا لازمی ہوگا۔ نئی ویکسینیشن سے متعلق تفصیلات سعودی وزارت صحت کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ تمام ایئر لائنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سعودی عرب جانے والے مسافروں کو گردن توڑ بخار اور دیگر بیماریوں کے لیے ویکسین لگوانے کا پابند بنائیں۔
مسافروں کے پاس آمد سے کم از کم 10 دن پہلے جاری کردہ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ ہونا ضروری ہے۔ پولی سیکرائیڈ ویکسین کے لیے سرٹیفکیٹ 3 سال سے زیادہ پرانا نہ ہو، جبکہ کنجوگیٹڈ ویکسین کے لیے یہ مدت 5 سال سے زیادہ نہ ہو۔
ہدایت نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ ایک سال یا اس سے کم عمر کے بچوں کو اس ویکسین سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ ایئر لائنز کو مسافروں کی حفاظت کے لیے سفر کے دوران تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سعودی ایوی ایشن کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی ایئر لائنز اور مسافروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔