غزہ جنگ بندی کا آغاز ہوگیا؛ حماس نے رہائی کیلیے اسرائیلی یرغمالیوں کی فہرست دیدی

غزہ۔حماس نے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے تحت تین اسرائیلی خواتین یرغمالیوں کے نام جاری کر دیے، جنہیں آج کسی وقت رہا کر دیا جائے گا۔

عالمی ذرائع کے مطابق جنگ بندی معاہدے پر آج سے عمل درآمد ہونا تھا، لیکن آخری لمحے تک اسرائیل کی جانب سے جارحانہ کارروائیاں جاری رہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے حماس کی جانب سے یرغمالیوں کی فہرست بروقت نہ ملنے کا دعویٰ کرتے ہوئے حملے جاری رکھے۔

حماس نے تازہ اعلان میں ان تین یرغمالیوں کے نام جاری کیے ہیں، جنہیں ریڈ کراس کے ذریعے آج آزاد کیا جائے گا۔ اسرائیلی حکومت نے بھی ان ناموں کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ فہرست موصول ہونے کے بعد جنگ بندی معاہدے پر باقاعدہ عمل درآمد شروع ہو چکا ہے۔

جاری کی گئی فہرست میں 24 سالہ رومی گونن کا نام شامل ہے، جنہیں 7 اکتوبر 2023 کو نووا فیسٹیول سے یرغمال بنایا گیا تھا۔ دیگر دو خواتین ایملی ڈاماری اور ڈورون اسٹین بریچر بھی آج رہا کی جائیں گی۔

اسرائیلی حکام کے مطابق جنگ بندی کا آغاز اصل میں آج صبح 8:30 بجے ہونا تھا، لیکن حماس کی جانب سے فہرست دیر سے فراہم کرنے کی وجہ سے تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔