حلف برداری کی تقریب میں ٹرمپ کے پانچوں بچے توجہ کا مرکز بن گئے

واشنگٹن۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن ڈی سی میں 47ویں صدر کے طور پر عہدے کا حلف اٹھا لیا، جبکہ حلف برداری کی تقریب میں ان کے پانچوں بچے خاص توجہ کا مرکز بنے رہے۔

78 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کے دوران ان کے بڑے بیٹے، 47 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر، اور 41 سالہ ایرک ٹرمپ گہرے نیلے رنگ کے سوٹ میں ملبوس فخر سے تقریب میں شریک ہوئے۔

ان کی بڑی بیٹی، 43 سالہ ایوانکا ٹرمپ، سبز اسکرٹ سوٹ اور میچنگ کیپ کے ساتھ اپنی شاندار موجودگی سے نمایاں رہیں، جبکہ ان کی سوتیلی بہن، 31 سالہ ٹفنی ٹرمپ، بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے سب سے چھوٹے بیٹے، 18 سالہ بارون ٹرمپ، روایتی سیاہ سوٹ اور نفاست سے سنوارے گئے بالوں کے ساتھ لوگوں کی خاص توجہ کا مرکز بنے۔

یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے تین بڑے بچے، ڈونلڈ جونیئر، ایوانکا، اور ایرک، ان کی پہلی بیوی ایوانا ٹرمپ سے ہیں، جو 2022 میں انتقال کر گئیں۔ بعد ازاں، ٹرمپ کی دوسری شادی ماڈل مارلا میپلز سے ہوئی، جن سے ان کی بیٹی ٹفنی ٹرمپ پیدا ہوئیں۔ مارلا میپلز سے علیحدگی کے بعد، انہوں نے میلانیہ سے شادی کی، اور ان کے ہاں بارون ٹرمپ کی پیدائش ہوئی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے نومبر 2024 کے صدارتی انتخابات میں نائب صدر کملا ہیرس کو شکست دیتے ہوئے 312 الیکٹورل ووٹس حاصل کیے، جبکہ کملا ہیرس کو 226 ووٹس ملے۔