2 امریکی قیدیوں کے بدلے کیلیفورنیا کی جیل سے رہائی پانے والا طالبان

کابل۔امریکی ریاست کیلی فورنیا کی جیل سے 16 سال بعد ایک افغان طالبان رکن کو رہا کر دیا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان جنگجو خان محمد کو 2006 میں مشرقی افغانستان سے گرفتار کیا گیا تھا اور 2007 میں انہیں امریکا کے حوالے کیا گیا۔

2008 میں امریکی عدالت نے خان محمد کو دہشت گردی اور منشیات اسمگلنگ کے الزامات میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ وہ کیلی فورنیا کی جیل میں اپنی سزا کاٹ رہے تھے۔

خان محمد پر الزام تھا کہ انہوں نے افغان جنگ کے دوران میزائل حملوں میں کئی امریکی فوجیوں کی ہلاکت میں کردار ادا کیا۔

رپورٹس کے مطابق طالبان قیدی کو دو امریکی شہریوں کی رہائی کے بدلے آزاد کیا گیا۔ خان محمد جلال آباد پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

خان محمد نے اپنی رہائی کو خوش قسمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ قید کے دوران کسی لمحے بھی اپنے رب کی رحمت سے مایوس نہیں ہوئے۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے خان محمد کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بدلے میں دو امریکیوں کو آزاد کیا گیا ہے۔